سکھر (بیورو رپورٹ)جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ، قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن میں تحریک انصاف کا وجود ختم ہوجائے گا، تحریک انصاف کبھی کرپشن ، کبھی پاناما لیکس کی آڑمیں یہودی ایجنڈے کی تکمیل چا ہتی ہے، انہوں نے کہا کہ یہودی طاقتیں ملکی سلامتی ، خود مختاری اور اسلامی تشخص کے خلاف سازشیں کررہی ہیں، پی ٹی آئی ان کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے مگر ہم ان سازشوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ وہ لاہور میں میڈیا سیل سندھ کے ممبر ان سے بات چیت کررہے تھے۔ ایڈیشنل انفارمیشن سیکریٹری مولانا عبدالحق مہر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سندھ کے کارکنان اور عوام کی جانب سے دی جانے والی محبت اور دعاؤں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں ، سندھ کے لوگ اس پرفتن اور مفاد پرستی کے دور میں بھی محبت اور اخلاص کے سچے پیکر ہیں ، میں ان کو ہمیشہ قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہوں ۔ سندھ میرے اکابر اور اولیاء کی دھرتی ہے میں اس سے دلی محبت کرتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ف اکابر علماء کرام کے مشن کی امین ہے، ہم ان کے مشن کی تکمیل کی جدوجہد کررہے ہیں ۔ جے یو آئی ف ملک کی سلامتی ، خود مختاری، اسلامی تشخص کے تحفظ کے اور قومی وحدت کی بقا کی جنگ لڑرہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ایجنڈا اندرونی نہیں بلکہ بیرونی ہے وہ کبھی تبدیلی ،کبھی کرپشن ، کبھی پاناما لیکس کی آڑمیں ملک میں انتشار پیدا کر کے اپنے یہودی آقاؤں کے ایجنڈے کی تکمیل کرنا چاہتے ہیں مگر ہم نے سیاسی میدان میں ان کو ناکام بنادیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں ملکی سیاست سے پی ٹی آئی کا وجود ہی ختم ہوجائے گا۔ مولانا فضل الرحمان نے سندھ کے علماء کرام ، کارکنان اور عوام سے7اپریل کو پشاور میں ہونے والے عالمی اجتماع میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔