لاہور( سپیشل رپورٹر )پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب میں ضلعی تنظیم سازی کے لئے انٹرویو شروع کر د ئیے ہیں۔ زرداری ہائوس اسلام آباد میں پیر کو تنظیم سازی کے لئے راولپنڈی ڈویژن اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنمائوں کے انٹرویو مکمل ہو گئے ۔ آج منگل کو سرگودھا ڈویژن کے امیدواروں کے انٹرویو ہو نگے ۔ انٹرویو پینل میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری، سیکریٹری اطلاعات چودھری منظور احمد، پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ، ندیم افضل چن، مصطفی نواز کھوکھراور جمیل سومرو سمیت فیڈرل کونسل کے اراکین ملک حاکمین خان، ابرار رضوی، فوزیہ حبیب، زمرد خان، عامر فدا پراچہ، مرتضیٰ ستی اور رشید میر شامل تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی کے سینئر رہنمائوں کی خدمات، آمریت کے دوران جدوجہد کرنے اور ثابت قدم رہنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ کارکن پارٹی کا سرمایہ اور ان کی طاقت ہیں۔ آنے والا وقت محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے جانثاروں اور شہید بھٹو کے جیالوں کا ہے۔