اسلام آباد( طاہر خلیل،تنویر ہاشمی) پاکستان میں بھارتی فلموں کی درآمد کے معاملے پر وزیراعظم نے اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کردی، وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب کمیٹی کی سربراہ ہونگی، کمیٹی میں وزیراعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی، سیکرٹری تجارت عظمت رانجھا، چیئرمین فلم سنسر بورڈ مبشر حسین، ڈی جی پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس جمال شاہ شامل ہونگے جبکہ نیشنل سکیورٹی ادارے کے ایک نمائندے کو بھی کمیٹی میں شامل کیاگیا ہے، وزیراعظم کی قائمہ کردہ خصوصی کمیٹی کا پہلا اجلاس کل بدھ کو اسلام آباد میں بلایاگیا ہے۔ اجلاس میں بھارتی فلموں کی درآمد اورنمائش سے متعلقہ امور کا جائزہ لیاجائے گا۔ ذرائع کے مطابق پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کے بعد ڈسٹری بیوٹرز اور سینما مالکان نے ازخود بھارتی فلموں کی درآمد اور نمائش سے انکار کردیا تھا۔ تاہم اس کے بعد انٹر نیٹ اوردیگر ذرائع سے بھارتی فلمیں بدستور پاکستان میں دیکھی جارہی ہیں جس سے پاکستان کی سینما انڈسٹری شدید نقصان میں چلی گئی، وزیراعظم نے سینما انڈسٹری کے مطالبے پر بھارتی فلموں کی درآمد اور اس سے متعلقہ امور کا جائزہ لینے کےلئے وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی ہے،ذرائع کے مطابق بھارتی فلموں کی درآمد کا وزارت تجارت کے حکام کیس ٹو کیس جائزہ لیکر اجازت دیتے ہیں، جس کے بعد مرکزی فلم سنسر بورڈ نمائش کا فیصلہ کرتا ہے۔ وزیراعظم کی جانب سےقائم کردہ کمیٹی پاکستان میں بھارتی فلموں کی درآمد ،نمائش اور دیگر تمام متعلقہ امور کا جائزہ لے گی اورسفارشات حکومت کو پیش کرے گی۔