میرپور(نمائندہ جنگ ) سابق وزیر حکومت آزاد کشمیر اورپی پی پی کے مرکزی رہنما چوہدری محمد پرویز اشرف نے کہا ہے کہ مسلہ کشمیر کے حل کے لئے آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں ریاست جموں کشمیر میں رائے شماری کرانے پر متفق ہیں اندرونی سیاسی حالات پر تو اختلافات ہو سکتے ہیں لیکن رائے شماری پر کسی کو اختلاف نہیں ہے انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ کئی سالوں سے اس مقصد کے ہر سال جنیوا میں یہ مطالبہ دہراتے ہیں اب کشمیری عوام کی طرف سے اقوام متحدہ کو پیش کی جانے والی عوامی پٹیشن ایک خوش کن اقدام ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جموں کشمیر محاذ رائے شماری کے چیئرمین تنظیمی بورڈ محمد عظیم دت ایڈووکیٹ سے ایک ملاقات کے دوران کیا اس موقع پر ممبرسینٹرل کمیٹی محاذ رائے شمار ی ساجد رحمٰن بھٹی ،نذیر محمد کیانی اور میاں محمد شفیق بھی موجود تھے چوہدری پرویز اشرف نے کہا تمام کشمیریوں کو متحد ہو کر اپنا مطالبہ اقوام عالم کے سامنے پیش کرنا چاہیئے تا کہ دنیا پر واضح ہو کہ کشمیری دہشت گرد نہیں ہیں بلکہ وہ پرامن طریقہ سے اپنا حق مانگتے ہیں جس کو ہندوستان کی حکومت تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہے انہوں نے کہا یہ اب اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہندوستان سے اپنے فیصلوںپر عمل در آمد کرائے انہوں نے کہا یہ مسلہ ہند وپاک کے درمیان مذاکرات سے حل نہیں ہو گا کیو نکہ ہندوستان کا حکمران طبقہ ہٹ دھرمی پر اترا ہوا ہے اور آئے روز سیز فائر لائن پر خلاف ورزیاں کر کے کشمیریوں کا خون خرابہ کر رہا ہے جس کا نوٹس دنیا میں کوئی بھی نہیں لے رہا حالانکہ کشمیر میں بھی انسان بستے ہیں جو اپنا حق ،حق آزادی مانگتے ہیں انہوں نے کہا کشمیری عوام کو کسی ایک نقطہ پر متحد ہو کرمشترکہ جدوجہد کرنی چاہیئے محاذ رائے شماری کے رہنمائوں نے اس عوامی پٹیشن کی کارروائی کر کے کشمیری عوام میں جوش اور جذبہ کی ایک نئی روح پھونک دی ہے اس موقع پر چوہدری پرویز اشرف نے عوامی پٹیشن پر اپنے دستخط بھی کئے اور اس مہم میں بھر پور انداز میں شمولیت کا اعلان بھی کیا اور مزید کہا کہ اس دستخطی مہم کے لئے ہر قسم کی مدد کرکے اپنے حلقہ احباب سے دستخط کرانے کی بھی مدد کریں گے اس موقع پر محمد عظیم دت ایڈووکیٹ نے کہا گذشتہ ستر سالوں میں ریاستی عوام کبھی بھی کسی ایک نقطہ پر متفق ہو کر عالمی توجہ کا مرکز نہیں بنے اب عوامی پٹیشن پر آزاد کشمیر کی حکمران اور اپوزیشن تمام جماعتوں کے سربراہان یا ان کے نائیبین نے دستخط کر کے ایک نئی جہت کی طرف آغاز کیا ہے جس سے مثبت نتائج نکلیں گے انہوں نے چوہدری پرویز اشرف کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بھمبر سے سپیشل میرپور آ کر اس قومی مہم میں شمولیت کا اعلان کیا اور عوامی پٹیشن پر دستخط کر کے عوام کا مورال اپ کیا ہے عظیم دت نے کہا کہ یہ مہم کسی سیاسی مقصد کے لئے شروع نہیں ہوئی بلکہ صرف اور صرف قومی مسائل کو سامنے رکھ کر شروع کی گئی ہے تا کہ ادارہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو احساس ہو کہ وہ اپنے فرائض کماحقہ، ادا کرنے سے قاصر ہیںاور وہ کشمیریوں کو حق رائے دہی دلانے میںناکام رہے ہیں انہوں نے کہا ریاست میں رائے شماری ہونے کے بعد اس خطہ میں امن بحال ہو گا اور تمام عوام خوشحالی کی زندگی بسر کر سکیں گے۔