کراچی(پ ر)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اخبارات کے سرکاری اشتہارات کے نرخوں میں 15فیصد اضافہ کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ اشتہاری بجٹ کو الیکٹرانک ،پرنٹ میڈیا اور ڈیجیٹل میڈیا کے لئے الگ الگ مختص کیا جارہا ہے اور اشتہاری بجٹ میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا جائے گا۔ وزیر مملکت نے معاشرے کی ترقی اور جمہوریت کی ترویج میں اخبارات کے کردار کا اعتراف کرتے ہوئے اعلان کیا کہ حکومت پرنٹ میڈیا کی ترقی کے لیئے مثبت اقدامات کرے گی۔ حکومت نے علاقائی اور چھوٹے اخبارات کی اہمیت کے پیشِ نظر ان اخبارات میں اشتہاری حجم بڑھانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیر مملکت نے یہ اعلانات اے پی این ایس کی مجلس عاملہ کے اراکین کے اعزاز میں ظہرانے کے دوران کئے۔ اجلاس میں پرنسپل انفارمیشن آفیسر رائو تحسین علی خان بھی موجود تھے۔ وزیر مملکت نے تحلیل شدہ وزارتوں، سرکاری محکموں اور وزارتوں کے ذمہ واجب الادا رقوم کی جلد ادائیگی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت کی واضح پالیسی ہے کہ واجبات جلد ازجلد ادا کردیئے جائیں۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق واجبات کی ادائیگی کا عمل جاری ہے وزیر اعظم نے واجبات کی سمریاں منظور کرلی ہیں جن کی ادائیگی جلد ہی متوقع ہے۔ علاوہ ازیں مجلس عاملہ کے اجلاس میں روزنا مہ امت اسلام آباد کی ایسوسی ایٹ رکنیت، ٹوڈے مسلم کی رکنیت کی بحالی، سندھ پوسٹ کراچی اور عوامی محاذ کراچی کی ایسوسی ایٹ رکنیت کی بحالی کی منظوری دی۔ مجلس عاملہ کے اجلاس سے قبل 17جنوری کو اے پی این ایس ایڈورٹائزنگ رائونڈ ٹیبل منعقد ہوئی جس میں اشتہارات میں سرکاری شعبہ کے کردار کے موضوع پر تفصیلی غور خوض کیا گیا۔ رائونڈ ٹیبل کے رہنما مقرر رائو تحسین علی خان پی آئی او نے سرکاری شعبہ کے اشتہارا ت کے میڈیا پر اثرات اور مسائل پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ شفقت جلیل ڈی جی ایکسٹرنل پبلسٹی اور ثمینہ فرزین ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈورٹائزنگ پی آئی ڈی نے درپیش مشکلات اور مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ ہونے پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ میڈاس (پرائیوٹ ) لمیٹڈ کے انعام اکبر ،چینل 7کے سی ای او جواد ہمایوں، ایم کام کے سی ایف او زاہد خان نے رائونڈ ٹیبل اجلاس کے سامنے اپنی پریزینٹیشن پیش کیں۔ جن میں وضاحت سے زور دیا گیا کہ موجودہ صورتحال میں پرنٹ میڈیا کو درپیش چیلنجوں اور ان سے نبرد آزما ہونے کیلئے اخبارات کو نئی ٹیکنالوجی اور نئی حکمت عملیوں پر توجہ دینا ہوگی۔ اجلاس میں اخبارات، اشتہاری ایجنسیوں سے تعلق رکھنے والوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس میں سرمد علی(صدر) اے پی این ایس، رمیزہ مجید نظامی سینئر نائب صدر، ممتاز اے طاہر نائب صدر، عمر مجیب شامی سیکرٹری جنرل، سید محمد منیر جیلانی جوائنٹ سیکرٹری، مہتاب خان (روزنامہ اوصاف اسلام آباد)، وسیم احمد (روزنامہ عوام کوئٹہ)، رحمت علی رازی (ہفت روزہ عزم /روزنامہ طاقت لاہور)، ہمایوں طارق (روزنامہ بزنس رپورٹ فیصل آباد)، سہیل عزیز (روزنامہ بزنس ریکارڈر لاہور)، نجم الدین شیخ (روزنامہ دیانت کراچی)، رضوان اشرف (روزنامہ دنیا لاہور)، قاضی اسد عابد (روزنامہ عبرت حیدرآباد)، جاوید مہر شمسی (روزنامہ کلیم سکھر)، میاں اکبر علی (روزنامہ خبریں لاہور)، سید ممتاز احمد شاہ (روزنامہ مشرق لاہور )، مشتاق اے قریشی (ماہنامہ نئے افق )، گوہر زاہد ملک (روزنامہ پاکستان آبزرور اسلام آباد ) اور وقار یوسف عظیمی (ماہنامہ روحانی ڈائجسٹ کراچی) نے شرکت کی۔