میلبورن (جنگ نیوز) عالمی نمبر ایک خاتون ٹینس اسٹار اینجلک کربر کا سال کے پہلے گرینڈ سلم ٹورنامنٹ میں اب تک سفر خاصہ سخت ثابت ہورہا ہے۔ گوکہ انہوں نے ابتدائی دو رائونڈز جیت لیے ہیں، لیکن حریفوں نے انہیں مشکلات سے دوچار رکھا۔ بدھ کو جب وہ ہم وطن کھلاڑی کیرینا ویتھوفٹ کو تین سٹ کے مقابلے کے بعد زیر کرنے میں کامیاب ہوئیں تو اس کے ساتھ کورٹ میں ’’ ہیپی برتھ ڈے‘‘ گونجنے لگا۔ پرستاروں نے انہیں 29 ویں سالگرہ کی مبارکباد اجتماعی طور پر دی۔ عالمی نمبر ایک اور دفاعی چیمپئن کا میچ کے بعد کہنا تھا کہ میں کافی برسوں سے اپنا جنم دن آسٹریلیا میں اور اس ٹورنامنٹ میں کھیلتے ہوئے مناتی ہوں، مجھے اس دن بہت لطف آتا ہے۔ میلبورن مجھے اپنے گھر جیسا ہی لگنے لگا ہے۔ میں اب 29 سال کی ہوگئی ہوں اور عمر بڑھتی جارہی ہے لیکن بخوبی جانتی ہوں کہ یہ دن میرے لیے بہت شاندار رہے گا۔