• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان تین انٹرنیشنل ٹیبل ٹینس ایونٹس میں شرکت کریگا،ایس ایم سبطین

کراچی (نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کی ٹیبل ٹینس ٹیم رواں سال عالمی ، ایشین اور سائوتھ ایشین ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں حصہ لے گی جس کا شیڈول اور ٹیم کی شرکت کے لئے مالی تعاون کے سلسلے میں فیڈریشن نے پاکستان اسپورٹس بورڈ سے رابطہ کر لیا ہے، پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے صدر ایس ایم سبطین نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم کو رواں سال ان تیں بڑے ایونٹس میں حصہ لینا ہے جس کے لئے پاکستان اسپورٹس بورڈ سے رابطہ کیا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ عالمی چیمپئن شپ مئی میں جرمنی میں ایشین ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ اپریل میں چین میں اور سائوتھ ایشیا جونیئر چیمپئن شپ سری لنکا میں ہوگی، پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن نےان ایونٹس کی تیاری کے سلسلے میں تر بیتی کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے پی ایس بی سے غیر ملکی کوچ کی خدمات حاصل کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ پی ایس بی کے ڈی جی ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا نے اس حوالے سے فیڈریشن سے بھر پور تعاون کایقین دلایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تینوں ایونٹس کے لئے نئے اور سینئر کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیمیں منتخب کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اگلے ماہ فیڈریشن کا اجلاس ہوگا جس میں رواں سال کے قومی کیلنڈر کی بھی منظوری لی جائے گی۔ قومی ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کے لئے اسلام آباد کا انتخاب کیا گیا ہے جو فروری میں اسلام آباد میں کھیلی جائے گی۔
تازہ ترین