کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان طلعت حسین کے ساتھ“میں سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ سڑکوں پر آنا پیپلز پارٹی کا خالصتاً اپنا فیصلہ ہے، اپوزیشن کو اتفاق رائے سے ایک پلیٹ فارم پر آکر جدوجہد کرنی چاہئے، حکومت کیخلاف چومکھی لڑائی لڑنے کا تہیہ کرلیا ہے، پیپلز پارٹی اپنی جدوجہد میں پارلیمان کے ساتھ سڑکوں پر بھی آئے گی۔وہ جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان طلعت حسین کے ساتھ“ کے خصوصی نشریے میں میزبان طلعت حسین سے گفتگو کررہے تھے۔ یہ خصوصی نشریہ پیپلز پارٹی کی لاہور سے فیصل آباد ریلی سے نشر کیا گیا جس میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے علاوہ پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ ،نیئر بخاری، منظور صاحب، خرم فاروق کے علاوہ پی ٹی آئی کے رہنما حامد خان ،مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری اور جماعت اسلامی کے رہنما فرید پراچہ سے بھی گفتگو کی گئی۔حامد خان نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پنجاب کے اندر پی ٹی آئی کا مقابلہ مسلم لیگ ن سے ہوگا، پیپلز پارٹی کی خوش فہمی ہے کہ بلاول کو دیکھ کر نوجوان ان کی طرف آئیں گے۔طلال چوہدری نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں اچھی کارکردگی دکھائے بغیر مقبول نہیں ہوسکے گی، موجودہ حالات میں پیپلز پارٹی کا پنجاب میں سیاسی مستقبل نظر نہیں آتا ہے، آئندہ انتخابات میں پنجاب میں لوگ پیپلز پارٹی کا ٹکٹ بھی نہیں لیں گے۔ جماعت اسلامی کے رہنما فرید پراچہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کرپشن، بدعنوانی اور موروثی سیاست کی وجہ سے اپنا ستارہ خود ڈبودیا ہے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پاکستان کوا ٓگے لے جانے اور متوازن معا شر ے کے قیام کیلئے حکومت کو جو ایجنڈا دیا تھا اس پر حکومت نے عمل نہیں کیا، لوگ اب جلسوں کے علاوہ میڈیا کے ذریعے اپنے لیڈروں کی تقاریر سننا پسند کرتے ہیں، پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے لاہور سے فیصل آباد تک اپنی قیادت کا جوش و خروش سے استقبال کیا، پیپلز پارٹی کی لاہورسے فیصل آباد ریلی بڑی تحریک کا بڑا آغاز ہے۔ پیپلز پارٹی لاہور کے مقامی رہنما خرم فاروق نے کہا کہ نوجوان کا لیڈر نوجوان ہی ہوسکتا ہے، ساٹھ سال کا بزرگ کوٹ پینٹ پہن کر نوجوان نہیں بن سکتا ہے، عمران خان کی قسمت میں وزیراعظم کی شیروانی نہیں گولڈن شیروانی لکھی ہے۔