کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سکریٹری شہباز احمد نے کہا ہے کہ حکومت نے پاکستان سپر ہاکی لیگ کے انعقاد کے لئے اب تک اجازت نہیں دی ہے جس کے لئے بین الصوبائی رابطے کی وزارت سے رابطے میں ہیں۔ غیر ملکی کھلاڑی پاکستان ہاکی لیگ میں شرکت کے لئے تیار ہیں اور انہوں نے اس حوالے سے مثبت جواب دیا ہے، ہماری کوشش ہے کہ لیگ کا انعقاد پاکستان میں ہی ہو اس سے قومی کھیل کو بحال کرنے میں مدد ملے گی۔ اتوار کو قومی ہاکی کیمپ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے، انہوں نے کہا کہ پی ایچ ایف نئے کھلاڑیوں کو گروم کرنے کے لئے قومی انڈر 16 اور 18 چیمپئن شپ کے انعقاد کا پرگروم بنارہی ہے جس کا مقصد نئے کھلاڑیوں کو سامنے لانا اور انہیں مستقبل کے حوالے سے تیار کرنا ہے، جس سے پاکستان ہاکی میں نئے کھلاڑیوں کا پول تیار کرنے میں مدد ملے گی۔