کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایس آئی یو نے صدرموبائل فون مارکیٹ میں چھاپہ مار کر چھینے گئے موبائل فون کے آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کر نے والے دو دکانداروں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے موبائل فون اور ڈیوائس برآمد کر لی تفصیلات کے مطابق اسپیشل انوسٹی گیشن یونٹ نے سی پی ایل سی کی مدد سے کراچی میں چوری و چھینے گئے موبائل فون کے آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کرکے مذکورہ فون فروخت کرنے والے دو دکانداروں کو گرفتار کرکے ان کے قبضےسے سے فون اور ڈیوائسز برآمد کر لی، ایس ایس پی ایس آئی یو فاروق اعوان کے مطابق ملزمان عبداللہ ہارون روڈ پر واقع موبائل مارکیٹ میں موبائل فون کی دکان کے مالک محمد وقاص اوردانش کو گرفتار کیا ہے دونوں ملزمان شہر میں اسٹریٹ کرمنلز کے ساتھ رابطے میں تھے اور چوری و چھینے گئے موبائل فون کا ان بلاک اور انکے آئی ایم آئی ای نمبر تبدیل کرکے مارکیٹ میں فروخت کرتے تھے پولیس کے مطابق ملزمان اسٹریٹ کرمنلز کے سہولت کار ہیں اور ان کے خلاف انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش کی جارہی ہے۔