کراچی (اسٹاف رپورٹر) انٹرنیشنل محمد رسول کی شاندار ہیٹ ٹرک کے باوجود کے الیکٹرک انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعدنیشنل بینک پریذیڈنٹ کپ فٹ بال میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائن (ایس این جی پی ایل) کے ہاتھوں سڈن ڈیتھ میں پینلٹی ککس کی بنیاد پر12-11 سے شکست کھا گئی۔ شکست کے باوجود کے الیکٹرک کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔ دوسرے میچ میں کے آر ایل نے بآسانی سوئی سدرن گیس کو 4-2سے زیر کیا۔ کے پی ٹی فٹ بال اسٹیڈیم پر اتوار کو لیگ مرحلے میں آخری دو میچز کھیلے گئے۔ کے الیکٹرک اور ایس این جی پی ایل کے درمیان مقابلہ ٹورنامنٹ کا سب سے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ رہا۔ کھیل مقررہ وقت پر3-3 گول سے برابر رہا۔ کے الیکٹرک کے تینوں گول ٹاپ اسٹرائیکر محمد رسول نے کئے۔ ایس این جی پی ایل کے گول شہزاد محمود، سید غازی اور سدا بہار نے کئے۔ میچ کو فیصلہ کن بنانے کیلئے دونوں ٹیموں کو 5-5 پینلٹی ککس دی گئیں جس میں بھی مقابلہ برابر رہا۔ سڈن ڈیتھ میں ایس این جی پی ایل نے 9 اور کے الیکٹرک نے 8گول کئے۔ میچ کے مہمان خصوصی انجینئر محفوظ الحق تھے جن سے دونوں ٹیموں کا تعارف کرایا گیا۔ اس موقع پر قمر علی قریشی، غلام محمدخان، عظمت اللہ خان، جنید محمدخان اور محمد قاسم بھی تھے۔ دوسرے میچ میں سوئی گیس کمپنی نے میچ کے 10 ویں منٹ میں سعیدخان ذریعے برتری حاصل کی۔ تین منٹوں میں کے آر ایل کے کھلاڑیوں نے تین گول کرکے کے آر ایل کو 4-1 کی برتری دلا دی۔ دو گول حمید نے کئے۔ سوئی سدرن کے حمید نے آخری گول کرکے اپنی ٹیم کا خسارہ4-2 کیا۔ کوارٹر فائنل منگل سے شروع ہوں گے۔