• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران اورسعودی تنازع میں پاکستان مصالحتی کردار ادا کرے،سراج الحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ایک علم دوست،قلم دوست اور کتاب دوست جماعت ہے ۔اس لیے ہمارا صحافی حضرات سے قلبی اور فطری تعلق بھی ہے ۔صحافی حضرات کا معاشرے میں بہت اہم کردار ہےلیکن بد قسمتی سے آزادی صحافت کوسلب کرنے کی کوشش کی جاتی رہی ہے اس کے باوجود صحافی اپنا کردار کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ ایران اور سعودی عرب کے تنازع میں مصالحتی کردار ادا کرے۔ملک میں عدل و انصاف،امن اور خوشحالی کیلئے جدوجہدکر رہے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں کراچی پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران اور گورننگ باڈی کے ممبران کے اعزاز میں دیئے جانے والے ظہرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو،نائب امراء برجیس احمد ،مظفر احمد ہاشمی ،ڈپٹی سکریٹری راشد قریشی اور دیگر بھی موجود تھے۔سراج الحق نے نو منتخب عہدیداران کو کامیابی پر مبارکباد دی اور اس امید اور توقع کا اظہار کیا کہ وہ پہلے کی طرح پریس کلب کی تعمیر و ترقی اور صحافیوں کے حقوق کے لیے اپنی کوشش جاری رکھیں گے ۔
تازہ ترین