کراچی(ٹی وی رپورٹ) وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف تین نسلوں کا جواب دے کر احتساب کی نئی مثالیں قائم کررہے ہیں،پاناما کیس کے فیصلے کے بعد احتساب سے کوئی نہیں بچے گا،عمران خان کا مریم نواز پر کیس نہ ہونے کا بیان ایک اور یوٹرن ہے۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری کے ہمراہ میزبان حامد میر سے گفتگو کررہی تھیں۔شیریں مزاری نے کہا کہ لندن فلیٹس کی خریداری کیلئے نواز شریف کا پیسہ استعمال ہوا،مریم نواز اور ان کے شوہر کی آمدنی اتنی نہیں کہ وہ یہ فلیٹس خریدسکیں،عمران خان نے الیکشن کمیشن سے معافی نہیں مانگی تھی،وکیل کے اسسٹنٹ نے غلط خط لکھا تھا جس کی وضاحت ای سی پی کو دیں گے۔مریم اورنگزیب نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا مریم نواز پر کیس نہ ہونے کا بیان ایک اور یوٹرن ہے، چند دن پہلے سامنے آنے والی دستاویزات عدالت میں جمع کرواچکے ہیں،عمران خان کی طرف سے مریم نواز کے بینیفیشل اونر کی دوبارہ بات کرنا اچھی بات نہیں ہے،اگر ہماری جمع کرائی گئی ٹرسٹ ڈیڈ جعلی ہے تو شواہد پیش کریں، عمران خان الزامات لگاتے ہیں مگر جب ثبوت کی بات آتی ہے تو ان کا عدالت میں بیٹھنا مشکل ہوجاتا ہے، عمران خان نے عدالت اور الیکشن کمیشن سے معافیاں مانگی ہیں، عمران خان نے 35پنکچر والی بات پر نجم سیٹھی سے بھی معافی مانگی کہ وہ سیاسی بات تھی۔انہوں نے کہا کہ سعد رفیق کا بیان میڈیا میں پاناما کیس کی سماعت کے حقائق توڑ مروڑ کر بیان کرنے والے لوگوں کیخلاف ہے، پاناما کیس سے متعلق رانا ثناء اللہ کا بیان ان کا ذاتی بیان تھا، وزیراعظم نے کہا ہے کہ عدالت جو بھی فیصلے دے گی قبول کریں گے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین اور علیم خان نے اپنے دونوں کیسوں میں اسٹے لیا ہوا ہے،خیبرپختونخوا احتساب کمیشن میں تالا لگادیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ابابیل میزائل کے تجربے سے خطے میں تناؤ نہیں بڑھے گا، 2018ء میں لوڈشیڈنگ ختم ہوجائے گی۔شیریں مزاری نے کہا کہ مریم نواز لندن جائیدادوں کی بینیفیشل اونر ہیں، پاناما میں مزید دستاویزات آنے کے بعد قطری شہزادے کا خط غیرمتعلق ہوگیا ہے،شریف خاندان کوجو دستاویزات پیش کرنی چاہئے تھیں وہ پیش نہیں کی گئی ہیں، جدہ کی کوئی دستاویزات عدالت میں پیش نہیں کی گئی ہے، ایک دستاویز پر اسٹیمپ پیپر مارچ کا جبکہ تاریخ فروری کی ہے۔انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ نے دھمکی دی کہ ہمارے خلاف عدالت سے فیصلہ آیا تو لوگ نہیں مانیں گے،پاناما پر پی ٹی آئی کا کیس مضبوط ہے اسی لئے آگے بڑھ رہا ہے۔ شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں احتساب کمیشن کام کررہا ہے،تحریک انصاف کا موقف ہے جس نے غلط کام کیا حکومت اس کو پکڑے، بڑے چور پکڑے جائیں گے تو قوم کو موثر پیغام جائے گا، جس حلقہ انتخاب میں عورتوں کا ووٹ دس فیصد سے کم کاسٹ ہو اس کا نتیجہ کالعدم قرار دیدینا چاہئے۔