٭…سکھر(بیورو رپورٹ)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی چاہتی ہے کہ کراچی آپریشن جاری رہےمگر میاں صاحب کی ٹیم آپریشن میں مسائل پیدا کررہی ہے‘ یہی ٹیم کل وزیراعظم نواز شریف کےلئے بھی مسائل پیدا کرسکتی ہے‘ قائم علی شاہ نے مجھے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے باوجود چوہدری نثارنے اب تک ان سے رابطہ نہیں کیا‘ ڈاکٹر عاصم کو اگر کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار حکومت ہوگی‘ اقتصادی راہداری پر پیپلز پارٹی چھوٹے صوبوں کے ساتھ ہے‘یہ منصوبہ سابق صدر آصف زرداری کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔جمعہ کوکمشنرآفس میں اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ ہم نے وزیراعظم میاں نواز شریف سے کہا ہے کہ پیر کو جو اجلاس ہو رہا ہے اس میں پٹھان کوٹ واقعہ ، سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں،پاکستان کو دونوں ملکوں میں کشیدگی میں کمی کیلئے کرداراداکرنا چاہئے‘ پنجاب سے خبریں آرہی ہیں کہ وہاں داعش کی بھرتیاں ہورہی ہیں‘ داعش کچھ نہیں ‘پرانی تنظیموں کے لوگوں نے نیا روپ دھار لیا ہے‘اقتصادی راہداری پر پیپلزپارٹی چھوٹے صوبوں ،تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور جمعیت علماء اسلام سمیت دیگر جماعتوں کے ساتھ ہے‘ وفاقی وزیر احسن اقبال کے بیانات نے منصوبے میں بدگمانیاں پیدا کی ہیں‘ پیپلزپارٹی آج بھی لڑائی کررہی ہے نہ ہم نے حکومت کو ٹف ٹائم دیا ہے‘ پارلیمنٹ میں عوامی مسائل پر کھل کر بات کرتے رہیں گے۔