لاہور /ملتان ( این این آئی) پنجاب میں سوائن فلو پھیلنے لگا، موذی وائرس نے ملتان نشتر اسپتال میں ایک اور خاتون کی جان لے لی جبکہ مزید 6؍ مشتبہ مریض بھی سامنے آگئے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق معصوم شاہ روڈ کی پچپن سالہ انیقہ سوائن فلو کے شبے میں اسپتال میں زیر علاج تھی اور اس کے خون کے نمونے اسلام آباد کی لیبارٹری بھجوائے گئے تھے۔ اسپتال ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ انیقہ کے ٹیسٹ کی رپورٹ آنا باقی ہے تاہم وہ زندگی کی بازی ہار گئی۔ نشتر اسپتال میں دو روز کے دوران سوائن فلو سے یہ دوسری ہلاکت ہے۔ بدھ کو بھی سوائن فلو سے متاثر ایک مریضہ جاں بحق ہو گئی تھی۔ پنجاب میں سوائن فلو سے متاثرہ 6مشتبہ مریض سامنے آئے ہیں جن میں ایک چکوال اور 5ملتان سے تعلق رکھتے ہیں۔ سوائن فلو کی تشخیص کے لئے مریض کے گلے اور ناک کی رطوبتوں کے لیبارٹری ٹیسٹ کئے جاتے ہیں، ایک میں انفلوئنزا جب کہ دوسرے ٹیسٹ میں ایچ ون این ون وائرس کی تصدیق کی جاتی ہے ۔ دوسری جانب ترجمان ضلعی انتظامیہ لاہور نے بتایا ہے کہ لاہور میں اب تک سوائن فلو کا کو ئی بھی کیس سا منے نہیں آیا ہے اورشہر کے مختلف اسپتالوں میں داخل کیے گئے19 مریضوں کے خون کے نمو نہ جات لے کر ٹیسٹ کے لیے نیشنل انسٹیٹوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد لیبارٹری کو بھیج دیئے گئے ہیں ۔