• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جہلم روڈ پر ناقص پیچ ورک، حالیہ بارش سے رہی سہی کسر بھی نکل گئی

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے) جہلم روڈ پر مختلف مقامات پر مبینہ ناقص پیچ ورک کی رہی سہی کسر بھی نکل گئی ہے اور یہ مکمل طور پر بارش کی نذر ہو چکا ہے ، ڈیڑھ دو ہفتے قبل کی بارش کے بعد بھی بعض جگہوں خصوصاً ایوب پارک کے سامنے روڈ پر پیچ ورک کیا گیا تھا مگر ناقص میٹریل کے استعمال کی وجہ سے یہ کام ایک بارش بھی برداشت نہیں کر سکا اور سڑک پر ڈالا گیا میٹریل بارش میں بہہ گیا اور جگہ جگہ نمایاں گڑھے پڑھ گئے ہیں جو ٹریفک کی روانی میں بہت مشکلات پیدا کر رہا ہے ، نیومورگاہ روڈ کے پاس اور پکٹ کی پرانی جگہ ، ایوب پارک کے سامنے اور گالف کلب کے سامنے اڈیالہ روڈ کی طرف مڑنے والی سڑک سے منسلک جہلم روڈ پر گڑھوں کی وجہ سے پانی جمع ہو جاتا ہے جس کے نتیجہ میں ٹریفک کا رش پڑ جاتا ہے ، شہریوں خصوصاً اس روڈ پر سفر کرنے والوں کا کہنا تھا کہ روڈ کی پیچ ورکنگ میں ناقص میٹرل کا استعمال کرنے والوں کیخلاف بھی کارروائی ہونی چاہئے تاکہ آئندہ اتنی اہم شاہراہوں پر معیاری کام ہو سکے۔جس طرح پیچ ورک بارش کی نذر ہوا ہے اس سے لگتا ہے کہ جیسے تارکول کی جگہ اس میں کالا تیل استعمال کیا گیا تھا ، اب دوبارہ اس جگہ کی صفائی کی جا رہی ہے ، شہریوں نے این ایچ اے حکام سے کہا کہ اتنی اہم روڈ پر معیاری کام کروایا جائے۔
تازہ ترین