پشاور(نیوزڈیسک)عوامی نیشنل پارٹی کیصوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ اے این پی چترالی عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور اقتدار میں آنے کے بعد ضلع کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے باچا خان مرکز میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر اے این پی کے سینئر رہنما فضل الرحمان کی قیادت میں درجنوں افراد نے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ،سردار حسین بابک نے کہا کہ اے این پی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت در اصل پارٹی قیادت پر اعتماد کا مظہر ہے ، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ناقص کارکردگی اور چترال کے مسائل سے چشم پوشی کے باعث عوام ان سے متنفر ہو چکے ہیں ، انہوں نے کہا کہ 2018ء کے الیکشن میں کامیابی کے بعد چترال کو دیگر ترقیافتہ اضلاع کے برابر لانے کیلئے حتی الوسع اقدامات کئے جائیں گے اور وہاں کے عوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی،انہوں نے کہا کہ چترال کے عوام نے بڑی مصیبتیں جھیلی ہیں لہٰذا شہری انتظامیہ پشاور میں مقیم مختلف طبقہ فکر کے لوگوں کو ہراساں کرنے سے گریز کرے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے کی کوشش کرے،صوبائی جنرل سیکرٹری نے کہا کہ اے این پی کے سابق دور حکومت میں چترال کیلئے بڑے پیکجز کا اعلان کیا گیا اور تعلیم کے حوالے سے وہاں اصلاحات بھی کی گئیں تاہم موجودہ حکومت کے دور میں وہاں کے عوام کو یکسر نطر انداز کرنے کے ساتھ ساتھ پشاور میں بسنے والوں کیلئے بھی مشکلات کھڑی کی جا رہی ہیں جو انتہائی نا مناسب رویہ ہے اور اے این پی اس حوالے سے چترالی عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی۔