نارووال میں سفاک باپ نے اپنی دو بچیوں کو نالے میں پھینک دیا، ایک بچی جاں بحق ہوگئی جبکہ دوسری کو بچالیا گیا۔
نارروال کی تحصیل شکر گڑھ کا علاقہ دین پورہ کی فضا اس وقت سوگوار ہوگئی جب یہ اطلاع ملی کہ سفاک باپ نے اپنی دو بچیوں کو نالےبئی میں پھینک دیا۔
امجد نامی شخص گھر سے اپنی دو بچیوں 8 سالہ زیب اور اور 13 سالہ مریم کو برگر کھلانے کے بہانے لے کر گیا اور جب واپس آیا تو بچیاں ساتھ نہیں تھیں۔ اہل خانہ نے پوچھا تو پہلے ٹال مٹول سے کام لیا اور جب اس پر زور ڈالا گیا تو اس نے اعتراف کرلیا کہ بچیوں کونالے میں پھینک دیا ہے۔
اہل خانہ نالے پر پہنچے تو ایک 8 سالہ بچی زیب سردی کی شدت برداشت نہ کرسکی اور دم توڑ چکی تھی جبکہ دوسری بچی 13 سالہ زینب تشویشناک حالت میں تھی۔
ایک بچی کی ہلاکت اور دوسری کی تشویشناک حالت دیکھ کر اہل خانہ نے ملزم محمد امجد کو پولیس کے حوالے کردیا، ملزم کبھی ندامت کا اظہار کرتا تو کبھی سفاکی کا۔
پولیس نے سفاک باپ کے خلاف بچیوں کوقتل کر نے کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ ادھر اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ امجد کے پہلے تین بیٹے ہوئے اور ہر بیٹا پیدائش کے چند روز بعد انتقال کرگیا، پھر دو بیٹیوں کی پیدائش کے بعد بیٹا نہ ہونے پر محمد امجد ذہنی دبائو کا شکار تھا۔