چکوال، جہلم( نمائندگان جنگ، ایجنسیاں) قصبہ ڈنڈوت میں تین افراد نے خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میںمسلم لیگ ن کے چیئرمینیونین کونسل ڈنڈوت راجا ماجد یوسف،اس کا بھانجا راجہ ذیشان محمود اور سابق کونسلر طارق محمود موقع پرجاں بحق ہوگئے۔تینوں مقتولین فاتحہ خوانی کے لیے کار میں نواحی قصبہ ڈھیری جانے کے لیے سوار ہوئے تو پہلے سے تاک میں بیٹھے ہوئے تین ملزمان نے فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔مقتول راجا ماجد یوسف کے قریبی خاندانی ذرائع نے بتایا ہے کہ ان کی سابق چیئرمین راجا نور محمد کے ساتھ چپقلش تھی اور یہ قتل اسی چپقلش کا شاخسانہ ہے۔ واضح رہے کہ راجا ماجد یوسف نے بلدیاتی الیکشن میں صرف چند ووٹوں کے ساتھ اپنے قریبی حریف سیٹھ راجا ارشد محمود کو شکست دی تھی۔ جبکہ سابق چیئرمین راجا نور محمد ہارے ہوئے امیدوار راجا ارشد محمود کے چیف سپورٹر تھے۔ نیوز ایجنسی کیمطابق راجا ماجد کسی عزیز کے گھر تعزیت کے لئے گئے ہوئے تھے، اس دوران سیاسی مخالفین سے تلخ کلامی ہوگئی اور بات بڑھتے بڑھتے ہاتھا پائی تک جاپہنچی اور عمران نامی شخص نے فائرنگ کردی۔ ڈی پی او ڈاکٹر منیر مسعود پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ خود موقع پر پہنچ گئے اور تینوں نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئےتحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال منتقل کرادیا۔