اسلام آباد(ایجنسیاں) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کی ملک کو دیوالیہ کہنے کی باتیں ملک دشمنی ہے‘عمران خان کہتے ہیں ملک کا دیوالیہ نکل رہا ہے دراصل عمران خان کی سیاست اور عقل کا دیوالیہ نکل چکا ہے‘ عمران خان کو سیاسی دشمنی میں ملک دشمن باتیں نہیں کرنی چاہیں‘پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ پاکستان سے عمران خان کی نفرت اور ان کا جھوٹ ہے، اتوار کو اپنے ایک بیان اورایک انٹرویو میں مریم اورنگزیب کا کہناتھاکہ عمران خان جلد مستقل ویزے پر پاکستان سے باہر جانے والے ہیں‘عمران خان کو اپنے ملک کی قدر کب ہو گی ، اب کہتے ہیں انگلستان نے انہیںکرکٹر بنایا ، عمران خان کو شاید اس بات کا ڈر ہے ہے کہ انہیں کسی اور ملک کا ویزہ نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے کا صحت اور تعلیم کا نظام کون ٹھیک کرے گا، عمران خان نے کے پی کے کے احتساب کمیشن کو تالا لگایا وہاں کا انصاف کا نظام کون ٹھیک کرے گا؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان شاید کے پی کے میں سرکاری نوکری بکنے کا ذکر کر ہے ہیں،مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کو شاید اس بات کا علم نہیں کہ جو کام عمران خان نے شروع کیا ہے وہ پنجاب میں دس سال قبل شروع ہو چکا تھا‘عمران خان وزیراعظم نواز شریف کے بغض میں ملک دشمنی نہ کریں‘عمران خان کی باتیں انتہا پسند ذہنیت کی عکاسی کرتی ہیں‘وہ انتشار کی صورتحال پیدا کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں اور منفی تاثر پھیلا رہے ہیں، عمران خان کی ذہنی حالت پر صرف ترس کھایا جاسکتا ہے‘نواز شریف کی قیادت میں پاکستان اب صرف ترقی کرے گا ،اگر عمران خان سے برداشت نہیں ہوتا تو وہ لا علاج ہیں‘عمران خان اپنی سیاسی تربیت کے لیے کسی اچھی یونیورسٹی میں داخلہ لیں، ہم فیس دینے کے لیے تیار ہیں ۔قبل ازایں تحریک انصاف کے ساہیوال میں جلسے کے حوالے سےمریم اورنگزیب نے کپتان سے طنزیہ استفسار کیا ہے کہ عمران خان صاحب! یہ جلسہ ہے یا کارنر میٹنگ؟ وزیر مملکت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو ایک پیشکش بھی کر ڈالی، کہتی ہیں خان صاحب! اگر لوگ اکٹھے کرنے میں مشکل ہو رہی ہے تو خواجہ آصف اور خواجہ سعد رفیق کو آپ کی مدد کے لئے بھیج سکتے ہیں۔