• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوٹری ڈائون اسٹریم میں پانی کی عدم فراہمی، حیدرآباد و ٹھٹھہ کے لاکھوں مکین پینے کے پانی سے محروم

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) محکمہ آبپاشی کی جانب سے کوٹری ڈاؤن اسٹریم میں پانی نہ چھوڑنے کے باعث حیدرآباد ٹھٹھہ اضلاع کے لاکھوں رہائشی پینے کے پانی سے محروم اور ہزاروں ایکٹراراضی سمندر برد ہوچکی ہے‘ پانی نہ ملنے کے باعث ہزاروں ایکٹرزرعی زمین بنجر اورٹھٹھہ سمیت ٹنڈومحمدخان میں لائیو اسٹاک کاشعبہ تباہی کے دہانے پر پہنچ چکاہے ۔ 1994ءکے پانی معاہدے میں تجویز دی گئی تھی کہ کوٹری ڈاؤن اسٹریم میں10لاکھ ملین ایکٹرفٹ سالانہ پانی چھوڑنا ناگزیر ہے لیکن گذشتہ 22سال کے دوران مذکورہ تجویز پر مکمل طورپر عملدرآمد نہیں کیاگیا صرف سیلاب کے دوران اورسال میں چند بار کوٹری ڈاؤن اسٹریم میں پانی چھوڑا گیاہے جوکہ ایک بڑی آباد ی کے پینے اورزرعی استعمال کے لئے ناکافی رہاہے ‘ڈاؤن اسٹریم میں پانی نہ چھوڑنے کے باعث ضلع ٹھٹھہ کی 15لاکھ ایکٹر سے زائد زمین سمندر بردہونے کاخدشہ ہے ۔کوٹری ڈاؤن اسٹریم سے ٹھٹھہ تک 16سے 23 لاکھ ایکٹر کاڈیلٹا ایریاہے جس میں لاکھوں کی تعداد میں مینگرو کے درخت ‘ جھینگے سمیت نایاب پلا مچھلی بھی ہوتی ہے ۔”جنگ“ کے رابطہ پر سندھ آبادگاربورڈ کے صدر عبدالمجید نظامانی کے مطابق ڈیلٹا ایریا میں کم ازکم سالانہ 10لاکھ ایکٹر فٹ یا روزانہ 5ہزار کیوسک پانی چھوڑنا ناگزیر ہے ۔انہوں نے کہا کہ پانی نہ چھوڑنے کے باعث اب تک ضلع ٹھٹھہ کی لاکھوں ایکٹر زمین سمندر برد ہوچکی ہے یا ہورہی ہے۔
تازہ ترین