• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان اور شاہ محمود کو انہی کی زبان میں جواب دوں گا،عابدشیرعلی

لندن (مرتضیٰ علی شاہ/سعید نیازی) پانی وبجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو انہی کی زبان میں جواب دوں گا۔ لندن میں پاکستان مسلم لیگ ن یوکے کی ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی نے الزام عائد کیا کہ شاہ محمود قریشی نے شہریار آفریدی اور مراد سعید کو شاہد خاقان عباسی پر حملے پر اکسایا جبکہ عمران خان نے اپنے ارکان اسمبلی کو شاہد خاقان عباسی پر حملے کا حکم دیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ میں یہ اعلان ریکارڈ پر لانا چاہتا ہوں کہ میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو انہی کی زبان میں جواب دوں گا، کیونکہ دونوں جسمانی طورپر ہی نمٹے جانے کے لائق ہیں، انھوں نے سازش تیار کی اور اپنے حمایتیوں کے ذریعے قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کی، عابد شیر علی نے شیخ رشید کو بھی متنبہ کیا کہ وہ ہوشیار رہیں اور اس وقت کا انتظار کریں جب ان سے بھی نمٹ لیا جائے گا۔ جب دی نیوز نے ان سے سوال کیا کہ کہ جسمانی حملہ قانون کے تحت قابل سزا نہیں ہے؟ تو انھوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی سے جسمانی طورپر ہی نمٹا جانا چاہئے کیونکہ وہ صرف اسی صورت قانون پسند اور شریف انسان بن سکتے ہیں۔ انھیں اسمبلی میں ہمارے ارکان پر حملہ کرنے اور طاقت کا مظاہرہ کرنے کی سزا ملنی چاہئے، یہ کارروائی ان ہی کے انداز میں ہوگی اور میں اپنے عزائم چھپا نہیں رہا ہوں، میں ان کو ریکارڈ پر لا رہا ہوں اورعمران خان اور شاہ محمود قریشی کو نوٹس دے رہا ہوں کہ میں تم لوگوں کیلئے آرہا ہوں۔ عابد شیر علی نے کہا کہ یہ میری زندگی کی غلطی تھی کہ میں پاکستان مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے درمیان جھگڑے والے دن اسمبلی میں نہیں تھا، عمران خان اس وقت موجود نہیں تھے، شاہ محمود قریشی موجود تھے۔ انھوں نے کہا کہ ان کی پارٹی نے کوشش کی کہ پی ٹی آئی سنجیدگی اختیار کرے لیکن یہ توقع پوری نہیں ہوسکی۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ پانامہ کیس میں وزیراعظم نواز شریف سرخرو ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان کو بتانا ہوگا کہ ان کا اسپانسر کون ہے اور اپنی پارٹی اور شوکت خانم ہسپتال سے متعلق اپنے بینک کے تمام گوشوارے عوام کے سامنے پیش کریں۔ تقریب میں مسلم لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد کے علاوہ کمیونٹی کے افراد بھی شریک تھے۔ تقریب میں نوازشریف لورز کے چیئرمین ملک ریاض، ناصر بٹ، انجم چوہدری، ڈاکٹر اشرف چوہان، بائو اجمل، راجہ افتخار، مشتاق لاشاری، امجد خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں کیک بھی کاٹا گیا اور استحکام پاکستان و میاں برادران کی کامیابی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ ملک ریاض نے کہا کہ نوازشریف لورز کے قیام کا مقصد پاکستان کی خدمت کرنا اور نوازشریف کے وژن اور سوچ کو دنیا بھر میں پھیلانا ہے۔ ناصر بٹ نے کہا کہ سیاست صبروتحمل اور برداشت کا نام ہے، اسمیں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ ڈاکٹر اشرف چوہان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی پاکستان کا سرمایہ ہیں لیکن افسوس کہ گزشتہ دور میں ان کی حب الوطنی پر شک کیا گیا اور سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے دوہری شہریت والوں پر انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی عائد کردی۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے دور میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہورہے ہیں اور میرے لئے نوازشریف اور ان کی تقریب میں شرکت کرنا اعزاز ہے۔ مشتاق لاشاری نے کہا کہ پاکستان کو انقلاب کی نہیں بلکہ جمہوریت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
تازہ ترین