• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان اور شاہ محمود سے خود نمٹ لوں گا ، عا بد شیر علی

لندن( مرتضیٰ علی شاہ) پانی وبجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی نے دھمکی دی ہے کہ میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو چھوڑوں گا نہیں قومی اسمبلی کے اگلے اجلاس میں ان سے جسمانی طورپر نمٹ لوں گا،لندن میں پاکستان مسلم لیگ ن یوکے کی ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی نے الزام عا ئد کیا کہ شاہ محمود قریشی نے شہریار آفریدی اور مراد سعید کو شاہد خاقان عباسی پر حملے پر اکسایاجبکہ عمران خان نے اپنے ارکان اسمبلی کو شاہد خاقان عباسی پر حملے کاحکم دیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ میں یہ اعلان ریکارڈ پر لانا چاہتاہوں کہ میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کوچھوڑوں گا نہیں، کیونکہ دونوں جسمانی طورپر ہی نمٹے جانے کے لائق ہیں، انھوں نے سازش تیار کی اور  قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کی، عابد شیر علی نے شیخ رشید کو بھی متنبہ کیا کہ وہ ہوشیار رہیں اور اس وقت کا انتظار کریں جب ان سے بھی نمٹ لیا جائے گا۔ جب دی نیوز نے ان سے سوال کیا کہ کہ جسمانی حملہ قانون کے تحت قابل سزا نہیں ہے تو انھوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی سے جسمانی طورپر ہی نمٹاجانا چاہئے کیونکہ وہ صرف اسی صورت قانون پسند اور شریف انسان بن سکتےہیں۔ انھیں اسمبلی میں ہمارے ارکان پر حملہ کرنے اور طاقت کامظاہرہ کرنے کی سزا ملنی چاہئے ،یہ کارروائی ان ہی کے انداز میں ہوگی اورمیں اپنے عزائم چھپا نہیں رہا ہوں،میں ان کو ریکارڈ پر لارہاہوں اورعمران خان اور شاہ محمود قریشی کو نوٹس دے رہاہوں کہ میں تم لوگوں کیلئے آرہاہوں، عابد شیر علی نے کہا کہ یہ میری زندگی کی غلطی تھی کہ میں پاکستان مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے درمیان جھگڑے والے دن اسمبلی میں نہیں تھا،عمران خان اس وقت موجود نہیں تھے شاہ محمود قریشی موجود تھے، انھوں نے کہا کہ ان کی پارٹی نے کوشش کی کہ  پی ٹی آئی سنجیدگی اختیار کر ے  لیکن یہ توقع پوری نہیں ہوسکی، انھوں نے دعویٰ کیا کہ پاناما کیس میں وزیراعظم نواز شریف سرخرو ہوں گے۔ انھوں نے الزام لگایا کہ عمران خان بیرون ملک مشکوک ذرائع سے فنڈز حاصل کرتے ہیں، اور اپنے بینک گوشوارے چھپانے کیلئے ہر حربہ اختیار کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ  عمران خان کو بتانا ہوگا کہ ان کااسپانسر کون ہے اور اپنی پارٹی اور شوکت خانم اسپتال سے متعلق اپنے بینک کے تمام گوشوارے عوام کے سامنے پیش کریں۔تقریب میں مسلم لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد کے علاوہ کمیونٹی کے افراد بھی شریک تھے۔
تازہ ترین