ملتان(سٹاف رپورٹر) جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے امیر پرفیسر حافظ محمد سعید کی نظر بندی کے خلاف ملتان سمیت کئی شہروں میں مظاہرے کئے گئے،تحریک آزادی جموں کشمیر کی طرف سےملتان میں نواں شہر چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے حافظ محمد سعید کے حق میں اور امریکا و بھارت کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔ چیئرمین نظریہ پاکستان رابطہ کونسل قاری محمد یعقوب شیخ،سابق صدر ہائی کورٹ بارسید اطہر شاہ بخاری،رہنما پیپلز پارٹی عبداللہ میو،تحریک آزدی جموں کشمیر جنوبی پنجاب کے مسؤل ابو معاذ عمران،صدرجمعیت علمائے پاکستان ملتان سیدکفیل شاہ بخاری ،تحریک آزادی جموں کشمیر ضلع ملتان کے مسؤل میاں سہیل احمد،ایڈوکیٹ فیصل میونے احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محب وطن لوگوں پر پابندی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ بھارتی ایما پر پابندی قوم مسترد کردے گی۔ حافظ محمد سعید کا جرم کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔5فروری کو پچھلے برسوں سے بڑھ کر قومی یکجہتی کے ساتھ کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیا جائے گا۔عشرہ یکجہتی کشمیر کو مکمل کیا جائیگا اور پہلے سے بڑھ کر ریلیاں،سیمینارز اور پروگرام کئے جائیں گے۔کشمیریوں کی مدد کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ احتجاجی مظاہرے کے اختتام پربھارت کے جھنڈے بھی جلائے گئے۔دریں اثناء حافظ محمد سعید کی گرفتاری و نظر بندی کے خلاف جماعۃ الدعوۃ کے ضلعی امیر رحیم یار خان محمد سرور نے ضلعی عہدیداران کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ۔ انہوں نے امریکی ایما پر پروفیسر حافظ محمد سعید کی نظر بندی پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا اورکہا کہ جماعۃ الدعوۃ کے خلاف پورے ملک میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہ ہونے کے باوجود اس طرح کے اقدامات ناقابل فہم ہیں ۔ اس موقع پر پروفسیر حافظ محمد سعید کا گرفتاری سے قبل جماعت کے کارکنان اور ذمہ داران کے نام بھیجا گیا پیغام بھی سنوایا گیا ۔ جس میں انہوںنے کارکنان سے صبرو استقامت کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کی اور کسی بھی قسم کے منفی اور غیر قانونی رد عمل سے گریز کرنے کا کہا گیا ۔ ڈیرہ غازیخان میں بھی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ جس میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ، اس موقع پرمقررین نے کہا کہ حکومت کو بھارتی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے ایسے کسی عمل سے باز رہنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ جماعت الدعوۃ ملک بھر میں رفاعی اور فلاحی کام کر رہی ہے، حافظ محمد سعید نے ہمیشہ اتحاد و امت کیلئے کام کیا ہے، بعد ازاں مظاہرین پر امن طو رپر منتشر ہوگئے، اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی ۔