کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) بھارتی ہاکی فیڈریشن کی جانب سے 2014 میں بھارت میں کھیلی گئی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں اپنی ٹیم کی پاکستان کے ہاتھوں شکست اور اس کے بعد منائے جانے والے جشن سے برا مناتے ہوئے معافی کے مطالبے نے شائقین اور ماہرین ہاکی کو حیرت زدہ کردیا ہے، اس واقعے کے بعد پاکستانی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور منیجر سابق اولمپئنزشہناز شیخ نےایونٹ کے ڈائریکٹر آسٹریلیا کے جان ریڈ کو تحریری معافی نامہ دیا تھا لیکن ٹیم کے دو کھلاڑیوں توثیق احمد اور امجد کو فائنل کے لئے معطل کردیا گیا تھا جو گرین شرٹس کی فائنل میں جرمنی کے ہاتھوں شکست کا سبب بنا تھا ۔ اس واقعے پر اس وقت کے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام نے بھی بھارتی ہاکی فیڈریشن سے ایمیل کے ذریعے معافی مانگ لی تھی۔فائنل میں جب پاکستانی ٹیم میدان میں جارہی تھی تو ٹورنامنٹ کی انتظامی کمیٹی اور تماشائیوں نے کھلاڑیوں پر پھو ل پھینکے تھے۔ اس بارے میں شہناز شیخ کا کہنا ہے کہ بھارتی ہاکی فیڈریشن نے گڑے مردے اکھاڑنے کی کوشش کی ہےجس کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔