گجرات (نمائندہ جنگ) گجرات یونیورسٹی میں ہزاروں طلباء و طالبات کا ڈگریاں نہ ملنے پر احتجاجی مظاہرہ، حالات خراب ہونے پر پولیس طلب کر لی گئی، گجرات یونیورسٹی کے ہزاروں طلبا و طالبات نے ڈگریاں نہ ملنے پر وائس چانسلر آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا، احتجاج کے دوران مظاہرین نے وائس چانسلر کے دفتر اور گاڑی کا گھیراو کیا، سیکیورٹی عملہ نے انہیں منتشر کرنا چاہا تو طلبا نے نعرے بازی شروع کر دی اور دونوں میں ہاتھا بھی ہوئی، یونیورسٹی انتظامیہ نے حالات خراب ہونے پر پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی ، یونیورسٹی کے تمام گیٹ بند کر کے انہیں 3 گھنٹے تک اندر باہر جانے سے روک دیا گیا، والدین بچوں کو لینے یونیورسٹی پہنچ گئے، احتجاجی مظاہرے میں شامل طلباء کا کہنا تھا کہ آرکیٹیکچر شعبہ کے طلبا و طالبات کو 8 سالوں سے اسناد نہیں دی جا رہیں۔، یونیورسٹی انتظامیہ مسلسل لالی پاپ دے رہی ہے، 2 ہفتے قبل بھی مذکورہ طلباء نے جیل چوک اور ڈی سی آفس کے باہر احتجاج کیا تھا، جس پر یو او جی ٹیریثر ڈاکٹر طاہر عقیل نے چند روز میں معاملہ حل کروانے کی یقین دہانی کروا کر احتجاج ختم کروایا تھا، جس پر طلباء و طالبات نے ڈیڈ لائن ختم ہونے پر دوبارہ یونیورسٹی کے اندر احتجاج کیا، یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چند شر پسند طلباء نے ہلڑ بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یونیورسٹی کے مین گیٹس بلاک کر کے چھٹی کے وقت طلباء و طالبات کو یونیورسٹی ٹرانسپورٹ میں سوار ہونے سے زبردستی روکنے کی کوشش کی۔