لاڑکانہ( بیورو رپورٹ) مقدمہ قتل کی سیشن کورٹ لاڑکانہ میں سماعت کے بعد اپنے گائوں جاتے ہوئے نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے تین افراد کو ہلاک کر دیا۔ واقعات کے مطابق ایک مقدمہ قتل کی سماعت کے بعد جب فیض محمد،سچل اور محمد بخش واپس اپنے گائوں جا رہے تھے کہ گھات لگا کر بیٹھے ہوئے نامعلوم افراد نے انہیں رتوڈیرو کے قریب بنگل ڈیرو بائی پاس روڈ پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں فیض محمد اور سچل موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ محمد بخش شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی کو فوری طور پر رتوڈیرو اسپتال پہنچایا گیا تاہم اسپتال پہنچ کر محمد بخش بھی زخموں کی تاب نہ لا کر جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق تینوں مقتولین کا تعلق لولائی قبیلے سے ہے اور ان کی اپنے ہی قبیلے کے بعض افراد سے پرانی دشمنی تھی۔پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرنے کے لئے علاقے کا محاصرہ کر لیا ہے تاہم رات گئے تک کسی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی تھی۔ مقتولین کے پوسٹ مارٹم اور تدفین کے باعث رات گئے تک ایف آئی آر بھی درج نہ کرائی جا سکی تھی۔ مزید تفتیش لاشاری پولیس بنگل ڈیرو کر رہی ہے۔