اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایف آئی اے کی جانب سے بلاگرز کے خلاف مقدمہ درج کئے جانے کی خبر کا سخت نوٹس لیا ہے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق یہ کیسے ممکن ہے کہ ایف آئی اے بغیر تحقیق و تفتیش کسی کے خلاف مقدمہ درج کرے۔ وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ بلاگرز اور ان کے خاندان گزشتہ کئی روز سے ایک مشکل صورتحال سے گزرے ہیں۔ کس نے ایف آئی اے کو یہ اختیار دیا ہے کہ وہ ان کی پریشانی میں اضافہ کرے۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ اس بات کا تعین کیا جائے کہ ایف آئی اے کیوں اس سلسلے میں غیر ضروری مستعدی اور بلاجواز فعالیت کا مظاہرہ کرنا چاہ رہی ہے۔