لاہور (نمائندہ جنگ) پنجاب کے وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے کہنے پر امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ سعید کو نظر بند کیا گیا جس میں توسیع ہو سکتی ہے، 2013ء میں عوام پاکستانی ڈونلڈ ٹرمپ عمران خان سے بال بال بچے ہیں، 2018ء میں دھرنا سیاست کو دفن کر دیں گے۔ پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف جہاں شکایات ہوں گی کارروائی ہوگی، امیر جماعۃ الدعوۃ کے خلاف جو بھی شواہد ہیں وہ وفاقی حکومت کے پاس ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کا عمران خان اور عمران پاکستان کا ٹرمپ ہے۔