اسلام آباد (نمائندہ جنگ)پارلیمانی سیکرٹری جعفر اقبال نے قومی اسمبلی کوبتایاہے کہ وزیراعظم کے کسان پیکج کےتحت زراعت کےشعبہ کی ترقی کیلئے حکومت نےمتعدد مراعات اور ترغیبات دی ہیں۔ چاول اور کپاس کے کاشتکاروں کونقد امداد گئی ہے۔ پنجاب کے33 اضلاع میں1080293 کاشتکاروں کو 23 ارب 67 کروڑ روپے کی ادائیگی کی گئی ہے۔ایران سے گوادر کیلئے ایک سو میگاواٹ بجلی درآمد کی جائے گی۔ملک میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد17224 ہے۔ان میں سے 8133مریض زیرعلاج ہیں۔ انہوں نے یہ بات اسپیکر ایاز صادق کی زیرِصدارت قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وقفہ سوالات میں بتائی گئی۔ضمنی سوال پر جعفر اقبال نے وضاحت کی کہ کپاس اور چاول کے کاشتکاروں کو نقد امداد کی سکیم یہ ہے کہ نصف رقم وفاقی حکومت دے گی اورنصف صوبائی حکومت دے گی۔ اب تک صرف پنجاب حکومت نے اپنے حصہ کی رقم ادا کی ہے۔ ایوان کو بتایا گیا کہ 2016-17 کے دوران سستی کھاد دینے کیلئے27 ارب96 کروڑ روپے کی سبسڈی مختص کی گئی ہے۔ چھوٹے کاشتکاروں کیلئے کریڈٹ گارنٹی اسکیم شروع کی گئی۔