حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) کوہسار میں قائم محکمہ صحت کے کوہسار جنرل اسپتال میں10سال بعد منگل سے آپریشن تھیٹر کوفعال کردیاگیا ‘اس طرح یہ اسپتال مکمل طور پر فعال ہو گیا ہے پہلا آپریشن آرتھوپیڈک سرجن نے کیا۔ اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹرعلی نواز نے کہاہے کہ آپریشن تھیٹر کے فنکشنل ہونے کے بعداسپتال میں آرتھوپیڈک‘ گائنی‘ آنکھوں‘ کان ‘ ناک اورگلے کے آپریشن بھی ہوسکیں گے ‘اسپتال میں جنرل سرجن‘ بے ہوشی کے اسپیشلسٹ کی ضرورت ہے فی الحا ل بے ہوشی کیلئے ڈاکٹر کو بھٹائی اسپتال سے بلوایاگیاتھا ۔ تفصیلات کے مطابق کوہسار جنرل اسپتال جوگذشتہ دس سال سے مکمل ہو نے کے باوجود فعال نہیں ہو سکا تھا ، بعد ازاں سیلاب کے با عث سیلاب متاثرین کو یہاں ٹھہرایا گیا تھا جس کی وجہ سے اسپتال کو مریضوں کیلئے نہیں کھو لا گیا تھا ۔ دو سال قبل رکن سندھ اسمبلی صابر قائمخانی کی خصوصی دلچسپی کے با عث دو سال قبل اسپتال مریضوں کیلئے کھو لا گیا تھا‘100بستروں پر مشتمل اسپتال میں 40سے زائد ڈاکٹر ولیڈی ڈاکٹرز کے علاوہ ڈیڑھ سو سے زائد عملہ تعینات ہے۔