کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایران کو شکست دیکر ایشین جونیئر اسکواش ٹیم چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ سیمی فائنل میں پاکستانی ٹیم ہفتے کو ملائشیا سے مقابلہ کرے گی۔ ہانگ کانگ میں جاری ٹیم چیمپئن شپ کے آخری رائونڈ میچ میں پاکستان کے عباس زیب نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایران کے مجتبی کافیلی کو 11-4، 11-9 اور 11-8 سے اور دوسرے میچ میں پاکستان کے مہران جاوید نے ایران کے علی رضا شامیلی کو 15-13، 6-11، 11-3 سے اور 11-5 سے شکست دیکر اپنی ٹیم کی رسائی سیمی فائنل میں ممکن بنائی۔