ویانا(اکرم باجوہ) یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستانی کمیونٹی فورم آسٹریا کی زیر سرپرستی پاک یوتھ کے سربراہ شہباز خان کے زیر انتظام پاک یوتھ یکجہتی کشمیر فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد 21 ڈسٹرکٹ کے ان ڈور فٹبال ہال میں کیا گیا جس میںپاکستانی کمیونٹی کے بوڑھوں نوجوانوں اور بچوں و خواتین نے بھر پور شرکت کی۔پاک یوتھ یکجہتی کشمیر فٹبال ٹورنامنٹ کے اختتام پر ٹورنامنٹ جلسہ میں تبدیل ہوگیا اور اس جلسہ کے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض پاکستانی کمیونٹی فورم آسٹریا کے جنرل سیکرٹری منیر احمد مغل اور فنانس سیکرٹری خواجہ منظور احمد نے ادا کیے۔فٹبال ہال کو بینروںسے اور پاکستانی پرچموں اور کشمیری پرچموں سے خوب سجایا گیاتھا ۔اس پاک یوتھ یکجہتی کشمیر فٹبال ٹورنامنٹ کے مہمان خصوصی پاکستان سفات خانہ ویانا کے ٹیکنیکل منسٹر وقار احمد تھے اور خصوصی طور پر شرکت کرنے والوں میں پاکستان سفارت خانہ ویانا کے کمیونٹی قونصلر سہیل افضل،ہیڈچانسلری التمش وزیر خان ،تسلیم بٹ اور آسٹرین پارلیمنٹ کے ممبر مسٹر فلورین شوٹس ،مصطفی اور پاکستانی کمیونٹی کی ہر دل عزیز شخصیت حاجی نعیم خان شامل ہیں ۔پاک یوتھ یکجہتی کشمیر فٹبال ٹورنامنٹ میں بارہ ٹیموں نے حصہ لیا اور فائنل میں آزاد کشمیر کی ٹیم اور واکسز کی ٹیم پہنچیں اور واکسز کی ٹیم دو صفر سے یہ فائنل میچ جیت لیا ۔فائنل جیتنے والی ٹیم واکسز کو مہمان خصوصی وقار احمد نے ٹرافی پیش کی اور کھلاڑیوں کو میڈل پہنائے دوسری پوزیشن پر آنے والی آزاد کشمیر کی ٹیم کو پاکستانی کمیونٹی فورم کے صدر ندیم خان نے رنر ٹرافی پیش کیااور کھلاڑیوں کو میڈل پہنائے۔پاکستانی کمیونٹی فورم کے ممبران نے دوسری ٹیموں کے کھلاڑیوں کو میڈل پہنائے۔پاکستانی کمیونٹی فورم کی جانب سے مسٹر فلورین شوٹس ،مصطفی،پروفیسر شوکت اعوان ،پاکستانی کمیونٹی قونصلر سہیل افضل ،ٹیکنیکل منسٹروقاراحمد،تسلیم بٹ ،ملک خلیل اعوان اوراکرم باجوہ کو یاد گاری شیلڈ اور میڈل پیش کیے گے۔پاک یوتھ کے سربراہ شہباز خان ،عاطف ، انوار خا ن اور پاکستانی کمیونٹی فورم آسٹریا مجلس عاملہ کے چیرمین لالہ محمد حسین خان کو پروگرام کو شاندار آرگنائزکرنے پر میڈل دیئے گے۔کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پروفیسر ملک شوکت اعوان ،چوہدری حفیظ اور رفعت مسعود نے کہاکہ ہم کشمیر میں کشمیری بہن بھائیوں اور بچوں بوڑھوں پر وحشیانہ تشدد کی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور ہم سب اس مشکل گھڑی میںکشمیریوں کی اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے ۔آسٹرین پارلیمنٹ کے ممبر مسٹر فلورین شوٹس نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ انڈیا کی جانب سے کشمیر میں کشمیریوں پر انسانی حقوق کی پامالی پر مذمت کرتے ہیں اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ انڈیا کی جانب سے کشمیر میں ظلم کو بند کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔پروگرام کے اختتام پر قرعہ اندازی کے ذریعے مختلف انعامات بھی نکالے گئے۔