اسلام آباد(شکیل انجم) پولیس نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مختلف تعلیمی اداروں میں کریک ڈاؤن کے دوران طلبا سمیت چار افراد کو گرفتار کیا ہے جو مختلف یونیورسٹیز اور کالجز کے طلبا کو منشیات فراہم کیا کرتے تھے، پولیس نے ان کے قبضے سے مختلف اقسام کی منشیات، ایکسٹیسی ٹیبلٹ، حشیش اور ہیروئن برآمد کرلی ہے۔ وزیر داخلہ نے اسلام آباد کے مختلف کالجوں اور جامعات میں منشیات کی فراہمی سے متعلق مختلف اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے مخصوص تعلیمی اداروں میں کریکٹ ڈاؤن کا حکم جاری کیا۔ ایس ایس پی اسلام آباد سجاد کیانی نے ایس پی صدر کیپٹن ریٹائرڈ ذیشان کو اسلام آباد کی جامعات میں منشیات کی فراہمی کے خلاف آپریشن کے لئے تعینات کیا۔ اس سلسلے میں ایک منشیات فراہم کرنے والے روالپنڈی کے ولید شمیم ولد محمد شمیم کو جو ایک جامعہ کا طالب علم بھی ہے سیکٹر ایچ نائن سے گرفتار کیا گیا، اس کے قبضے سے 350 گولیاں(ایکسٹیسی) اور 200 گرام حشیش برآمد کرلی گئی جبکہ ایک اور جامعہ میں حشیش فروخت کرنے والے عرفان ولد محمد انور کو گرفتار کر کے 300 گرام حشیش برآمد کرلی گئی۔دو دیگر ملزمان کو بھی جن کی شناخت زمان اور مطیع اللہ خان کے نام سے ہوئی ہے، گرفتار کیا گیا ہے، یہ ایک نجی یونیورسٹی کے طالب علم ہیں اور انہیں اپنی ہی یونیورسٹی میں طلبا کو منشیات فراہم کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔