اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ غیر پیشہ وارانہ طریقہ کار، ناقص انتظامی معاملات اور غیر سنجیدگی نے پی آئی اے کو زوال سے دوچار کر دیا ، وفاقی وزیر نے ان خیالات کا اظہار پی آئی اے کے حوالے سے قائم ای سی سی کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں کیا، اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو ہارون اختر خان ، سیکرٹری خزانہ طارق باجوہ ، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ مفتاح اسماعیل، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اعلیٰ حکام ،پی آئی اے کے سی ای او اور دیگر افسران شریک ہوئے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ اجلاس پی آئی اے کیلئےزندگی اور موت کی حیثیت رکھتا ہے ، انہوں نے کہا کہ 20کروڑ غریب قوم پی آئی اے کے خسارے کو برداشت نہیں کر سکتی ، وفاقی وزیر نے اجلاس میں پی آئی اے کے اعلیٰ حکام کے روئیے اور غیر سنجیدگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ اگر پی آئی اے کو منافع بخش ادارہ بنانے کیلئے سرگرمی نہیں دکھائی گئی تو پھر حکومت دیگر آپشن کو زیر غور لائیگی ۔پی آئی اے کے سی ای او نے اپنی بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر کے تحفظات سے اتفاق کیا ۔