• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشت گرد اسلام کو بدنام کررہے ہیں،خطرہ صرف سرحدوں پر نہیں ملک میںچھپے دشمنوں سے بھی ہے، چوہدری نثار

 پبی /کھاریاں (اے پی پی، صباح نیوز) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ خطرات صرف سرحدوں سے نہیں بلکہ ملک کے اندر چھپے دشمنوں سے بھی ہے، اسلام کا نام استعمال کرنے والے دہشت گرد اسلام کو بدنام کر رہے ہیں، مسلح افواج کی قربانیوں سے قائم ہونے والا امن دنیا کے لیے ایک مثال ہے، دشمن کا کوئی روپ ہے نہ اصول، وہ چھپ کر وار کرتا ہے، ڈرپوک دشمن پاکستان کے دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیل رہا ہے،قوم کو سکیورٹی فورسز کی قربانیوں پر فخر ہے،ہماری افواج انٹیلی جنس و سکیورٹی اداروں اور پولیس نے ایک ناممکن کام کو ممکن کر دکھایا، دشمن کچھ اور امیدیں لگائے بیٹھے تھے، ہمارے جوانوں نے ان کے عزائم خاک میں ملا دیئے، دشمن دیکھتے رہ جائیں گے اور پاکستان زندہ و تابندہ رہے گا اور ترقی کرے گا۔ وہ جمعہ کو یہاں نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم ٹریننگ سینٹر میں نیشنل انٹگریٹڈ کاؤنٹر ٹیررازم کورس 9 کی گریجوایشن تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے۔  چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ امن کے لئے کوشش کر رہے ہیں،دشمن افراتفری پھیلانا چاہتا ہے۔ ا نہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو بچوں ، بوڑھوں اور عورتوں کو مارنے میں بھی کوئی عار نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جنگیں محض ہتھیاروں سے ہی نہیں لڑی جاتیں جنگ لڑنے کے لئے جذبہ ایمانی درکار ہوتا ہے۔ ہماری افواج اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں میں جذبہ ایمانی ہے۔ قوم کو اپنے جوانوں ، شہیدوں اور مجاہدوں پر فخر ہے۔ قبل ازیں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے قومی انسداد دہشت گردی سینٹر پبی کھاریاں کا دورہ کیا۔ وزیر داخلہ قومی مربوط انسداد دہشت گردی کے نویں کورس کی تقریب میں شرکت کے لئے تربیتی سینٹر پہنچے تو کور کمانڈر منگلا لیفٹیننٹ جنرل عمر فاروق درانی اور آئی جی ٹریننگ اینڈ ایویلوایشن لیفٹیننٹ جنرل ہدات الرحمٰن نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سینٹر کے تربیتی معیار اور تربیت حاصل کرنے والوں کی استعداد کار بڑھانے سے متعلق سینٹر کے کردار پر وزیر داخلہ کو بریف کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کورس مکمل کرنے والے اہلکاروں کی گریجویشن تقریب میں شرکت کی۔ کورس میں تقریباً 400 اہلکار تربیت مکمل کر رہے ہیں۔ بعد ازاں تربیت حاصل کرنے والے جوانوں نے عملی مشقوں کا مظاہرہ بھی کیا۔
تازہ ترین