بہاول نگر میں گیس لیکج سے زور دار دھماکے میں6 افراد جاں بحق اور11 زخمی ہوگئے ہیں- دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ قریب کے4 مکانات تباہ ہوگئے۔
بہاول نگر میں وزیر احمد نامی شخص کے گھر اچانک دھماکا ہوا،دھماکے سے وزیر احمد اور اس کے مکان سے ملحقہ دیگر 3 گھر بھی تباہ ہوگئے۔ دھماکے میں وزیر احمدکی بیوی،2 بیٹیاں اور ایک بیٹا جاں بحق ہوگیا، جبکہ دوسرے گھر سے اصغر اورایک نامعلوم شخص کی لاش ملی ہے۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ گیس پائپ لائن میں دھماکا لیکج کے باعث پیش آیا۔دھماکہ اتنا شدید تھا کہ آس پاس کے گھروں کے کھڑکیوں اور دروازوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے-
دھماکے کے فوری بعد علاقہ مکینوں اور ریسکیو 1122 کی ریسکیور ٹیموں نے امدادی کام شروع کردیا -پاک فوج کے جوانوں نے بھی امدادی کاموں میں حصہ لیا ۔جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔