بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر بہاول پور رانا محمد سلیم افضل نے اراضی ریکارڈ سنٹر تحصیل بہاول پور سٹی کا اچانک معائنہ کیا جہاں انہوں نے سنٹر میں ٹوکن سسٹم، شکایت سنٹر، فیسلی ٹیشن کاؤنٹرز اور کمپیوٹر سنٹر میں کمپیوٹرائزیشن آف لینڈ ریکارڈ کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے آئے ہوئے لوگوں سے ان کے کاموں کے حوالہ سے دریافت کیا۔ ڈی سی نے لوگوں کی شکایت موصول ہونے اور کمپیوٹرائزیشن آف لینڈ ریکارڈ کے کاموں میں سستی اور غفلت برتنے پر اراضی سنٹر کے انچارج محمد رفیق اور اے ڈی ایل آر کی سرزنش کی جبکہ ٹوکن کے حصول کے لیے آئے ہوئے افراد کو بہتر انداز میں سروس نہ دینے پر سروس سنٹر آفیشل وقاص منظور کی ناقص کارکردگی کا نوٹس لیتے ہوئے اسے فوری طور پر ہیڈ آفس رپورٹ کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے ٹوکن کے حصول کے لیے علیحدہ کاؤنٹر بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ اراضی سنٹر کے تمام کاؤنٹرز فعال کیے جائیں۔ انہوں نے صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اراضی سنٹر کے انٹری پوائنٹ پر پارکنگ نہ بنائی جائے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ شکایت بکس اراضی سنٹر میں نمایاں جگہ رکھا جائے۔