• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد سرکٹ بنچ ،3 ملزمان کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد سرکٹ بنچ نے گاڑی چھیننے، فراڈ اور دھمکیاں دینے کے مقدمات میں نامزد تین ملزمان کی جبکہ دیگر عدالتوں نے ایک ملزم کی چار کیسز میں ضمانت منظور کرکے پولیس مقابلے اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمہ میں نامزد ملزم کو بری کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد سرکٹ بنچ نے مارکیٹ تھانے میں درج دھوکہ دہی اور دھمکیاں دینے کے مقدمہ میں نامزد ملزم شہزاد عرف وقار ملک کی وکلا کے دلائل کے بعد سات روز کے لئے 30 ہزار روپے کی، اسی عدالت نے ضلع مٹھی کے تھانہ کھیسر میں درج جیپ چھیننے کے مقدمہ میں نامزد دو ملزمان نواب سمیجو اور سائیں داد کی وکلا کے دلائل کے بعد 7 روز کے لئے 10،10 ہزار روپے کی عبوری ضمانت برائے قبل از گرفتاری کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کا حکم دیدیا ہے۔ علاوہ ازیں  ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج حیدرآباد نے ٹنڈوجام تھانے میں درج پولیس مقابلے اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الگ الگ مقدمات میں گرفتار ملزم لطف علی کی 50/50 ہزار روپے کی ضمانت منظور کرلی ہے جبکہ  ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج حیدرآباد نے اے سیکشن تھانے میں درج پولیس مقابلے اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے دو الگ الگ کیسز میں گرفتار ملزم محمد عثمان کو عدم ثبوت پر بری کردیا ہے۔
تازہ ترین