اسلام آباد........عمران فاروق قتل کے ملزم خالد شمیم نے الزام عائد کیا ہے کہ الطاف حسین اور ایم انور کو ایم آئی سکس، را اور سی آئی اے کی مدد حاصل ہے، اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ملزم نے مزید کیا انکشافات کیے۔
مجھے معلوم ہے الطاف حسین، ایم انور اور حواریوں کو ایم آئی سکس، را اور سی آئی اے کی مدد حاصل ہے،مجھے عوام کی مدد چاہیے، وعدہ معاف گواہ بننے کو تیار ہوں،میں یہ کیس عالمی عدالت انصاف میں لے جانا چاہتاہوں ۔یہ کہنا تھا عمران فاروق قتل کے ملزم خالد شمیم کا، اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے ملزم نے کئی انکشافات کیے۔
ملزم کی اہلیہ روبینہ خالد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ انصاف کے لیے دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔اس سے قبل عدالت نے ملزم خالد شمیم اور محسن علی کو چار فروری تک جوڈیشل ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا، پولیس ملزمان کو عدالت سے لے کر چلی گئی تو ملزم خالد شمیم کی اہلیہ نے شور شرابا شروع کردیا کہ انہیں ملاقات کرنے کا موقع نہیں دیا گیا، جس پر عدالت کے حکم پر ملزمان کو لے جانے والی گاڑی راستے سے واپس بلوائی گئی اور ملزمان کی ان کے اہلخانہ سے ملاقات کروائی گئی۔