• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اعضا دھماکے سے اڑ کر نالے میں جا گرے، خورشید شاہ

Body Parts Fell Into Nullah Due To Explosion Khursheed Shah
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سیہون میں دھماکےکے بعد انسانی اعضا کسی نے پھینکے نہیں، دھماکے کی شدت سے اڑ کر نالے میں جا گرے،سندھ اور وفاقی حکومت کا قصور نہیں۔

جیکب آباد میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگومیں کہا ہے کہ وفاقی وزارت داخلہ غیر سنجیدہ ہے، ہماری میٹنگزمیں وفاقی داخلہ کاسیکریٹری تک نہیں آرہا، فوجی عدالتوں میں توسیع کے لیے بریفنگ مانگی، جو نہیں دی جارہی۔

ان کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ افغانستان کی زمین ہمارے ملک میں بلا روک ٹوک دہشت گردی کا باعث ہے،ن لیگ حکومت کی ناکامی ہے کہ دہشت گردوں کو دوبارہ سر اٹھانے کا موقع دیا،یہ جنگ اب اپنے زورِ بازو پر اور فیصلہ کن طور پر لڑنی ہوگی۔

سید خورشید شاہ نے مزید کہا ہے کہ حالیہ واقعات نے بہت سے سوالیہ نشان کھڑے کر دیے ہیں، تشویشناک سوال دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے حکومت کی معذوری اور عدم صلاحیت ہے،وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ اپنے کردار نبھانے میں بری طرح ناکام رہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے دہشت گردی کے خاتمے اورنیشنل ایکشن پلان کی کامیابی کے لیے فوجی عدالتوں کے قیام میں تعاون کیا، اس کے باوجود حکومت ناکام رہی۔

خورشید شاہ نے یہ بھی کہا کہ آج ایک بار پھر پورا ملک دہشت گردی کی بد ترین لپیٹ میں آچکا ہے،ہندوستان کی موجودہ حکومت کی مسلمان اور پاکستان دشمنی کوئی راز نہیں، بھارت ہمارے خلاف تشدد پر اترا ہوا ہے اورحکومت راست اقدام میں ناکام ہے۔
تازہ ترین