کراچی (اسٹاف رپورٹر) فٹ بال کی ترقی کیلئے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں، سندھ فٹ بال کے زیراہتمام مسلسل ٹورنامنٹ کا اہتمام اس بات کی مظہر ہے کہ پاکستان میں سب سے زیادہ فٹ بال کی سرگرمیاں سندھ میں ہیں، اس بات کا اظہار سندھ فٹ بال کے صدر سید خادم علی شاہ نے آل کراچی طاہر خان میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر انصار یونین فٹ بال کلب اور انٹرنیشنل فٹ بالر اعظم خان، سندھ فٹ بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری رحیم بخش بلوچ، کیپٹن عبید اللہ خان، اجمل خٹک، مراد بخش بلوچ، عثمان رانا، عثمان، ذاکر، صدیق انصاری، توحید جدون، سلیم پٹنی، سید عثمان شاہ، محمد شمیم، طلحہ اور دیگر موجود تھے۔ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں ریفریز کے فرائض بابو، جمیل ناز اور محمد سلیم نے انجام دیئے جبکہ ایچ ایم حنیف تھے۔ انصار یونین فٹ بال کلب کے زیراہتمام انصار یونین فٹ بال اسٹیڈیم کورنگی پر آل کراچی طاہر خان میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ کا افتتاح خادم علی شاہ نے فٹ بال کو کک لگا کر کیا۔ افتتاحی میچ سندھ گورنمنٹ پریس نے پاکستان اسٹیل ملز کو2-1 سے شکست دی۔ سید خادم علی شاہ نے مزید کہا کہ کھیل وہ واحد ذریعہ ہے جس سے ہم صحت مند سرگرمیوں کو فروغ اور قیام امن کے لئے مدد حاصل کرسکتے ہیں جب کھیل کے میدان آباد ہونگے تو ہمارا نوجوان منفی سرگرمیوں سے دور اور صحت و توانا زندگی کا حصول ممکن بنا سکتا ہے انہوں نے کہاکہ ضلع انتظامیہ ضلعی بلدیاتی اداروں سے ہماری خصوصی درخواست ہے کہ وہ کھیلوں کے میدانوں کی تعمیر و ترقی کے ساتھ اسے آباد کرنے اور ضلع سطح پر فٹ بال سمیت دیگر کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے بھی اقدامات کریں سید خادم علی شاہ نے شاندار ایونٹ کے انعقاد پر انصار یونین فٹ بال کلب کی انتظامیہ اور ٹورنامنٹ کے منتظمین کو مبارکباد دی۔