ٹھٹھہ(نامہ نگار)مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی سید ایاز علی شاہ شیرازی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف 2 مارچ کو ضلع ٹھٹھہ کا دورہ کرکے تاریخی جلسہ عام سے خطاب کریں گے اس سلسلے میں انتطامات کیے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم نے وزیر اعظم نواز شریف سے ٹھٹھہ اور سجاول اضلاع کے لیے خصوصی پیکیج کا مطالبہ کیا ہے اور وہ دورے کے موقع پر ٹھٹھہ میں 500 بستروں پر مشتمل جدید طبی سہولیات سے آراستہ اسپتال کے قیام، کھارو چھان تا شاہبندر 38 کلومیٹر طویل سڑک، سمندری کٹاؤ سے تحفظ کے لیے کیٹی بندر تا شاہبندر پچنگ بند، سجاول میں اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر، مختلف شہروں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے پلانٹس کی تنصیب، شہروں کی آرائش و زیبائش اور دونوں اضلاع کے مختلف دیہاتو ں میں بجلی اور گیس کی فراہمی کے منصوبوں کے علاوہ 3لاکھ کے زرعی قرضوں کی معافی کے پیکیج کا اعلان کریں گے، مذکورہ جلسہ سے ثابت ہوگا کہ ٹھٹھہ اور سجاول مسلم لیگ (ن) کا قلعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ آٹھ سالوں سے سیاسی انتقام کا نشانہ بنائے جانے کے باوجود شیرازی برادران نے عوام کا ساتھ نہیں چھوڑا ہے جس کے باعث ہمیں آج بھی عوام کا اعتماد حاصل ہے، حکمرانوں نے سندھ کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے اس لیے وزیر اعظم سندھ کو میگا پروجیکٹس دے رہے ہیں جس سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے موقع پیدا ہونگے۔