ٹھٹھہ (نامہ نگار) پولیس کا افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 50 سے زائد مشکوک افراد گرفتار، 13 ملزمان کے خلاف مقدمات درج۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں دہشتگردی کی تازہ لہر کے بعد ٹھٹھہ پولیس نے ضلع کے مختلف ہوٹلوں، مسافر خانوں، تجارتی مراکز اور دیگر مقامات پر چھاپے مار کر حبیب اللہ، انور خان، ناول خان، خلیل اللہ، شمس الرحمٰن، مطیع اللہ، معراج اور کمال الدین سمیت 50 سے زائد افغان باشندوں اور دیگر مشکوک افراد کو حراست میں لیکر ان سے تفتیش شروع کردی ہے۔ دریں اثنا پولیس کی جانب سے ٹھٹھہ تھانہ پر حبیب اللہ سمیت 13 افغان باشندوں کے خلاف فارین ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق دہشتگردی کے خطرات کے پیش نظر افغان باشندوں سمیت دیگر غیر ملکیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرکے انہیں حراست میں لیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔