کوہاٹ میں این جی اوز کی ورکر حنا شاہنواز کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان نے حنا کو 6 فروری کے روز اس کے گھر میں فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔
پشاور میں تعینات این جی او کی ورکر حنا شاہنواز کے 8 قاتلوں میں سے 4 کو گرفتار کرلیا گیا، ان میں مرکزی ملزم ذوالفقار علی بھی شامل ہے۔
ایس پی آپریشن طارق محمود کے مطابق ملزم ذوالفقار علی کو راولپنڈی اور دیگر 3 ملزمان شاہ عالم، ریاض علی اور پولیس اہلکار میثم علی کو کوہاٹ کے علاقے استر زئی سے گرفتار کرلیا گیا جبکہ 4 ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
حنا شاہنواز کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والے آٹھوں ملزمان اس کے قریبی رشتے دار ہیں، جن کا حنا پر دباؤ تھا کہ وہ این جی او میں کام کرنا چھوڑ دیں،تاہم ان کے انکار پر 6 فروری کو ملزمان نے انہیں گھر میں داخل ہوکر فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔
چاروں ملزمان کو علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کرکے ایک ہفتے کا ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے، قتل کا مقدمہ حنا شاہنواز کی بہن فرحین کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔
ایس پی آپریشن کے مطابق حنا شاہنواز کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا، اگر ملزمان کو چھڑانے کے لیے کوئی جرگہ ہوا تو ملزمان کو سزا دلانے کےلیے مقدمہ پولیس خود لڑے گی اور ملزمان کو سزا دلوائے گی۔