کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیرکھیل سردار محمد بخش مہر نے سابق باکسر عظیم جان بلوچ کی مالی مشکلات دور کرنے کیلئے ایک لاکھ روپے کا چیک دیا۔ پاکستان چوک پر نجی بینک میں ملازمت کرنے والے عظیم جان بلوچ نے پاکستان کی جانب سے سیف گیمز میں دو گولڈ میڈلز اور متعدد انٹرنیشنل ایونٹس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ وہ پاکستانی ٹیم کے چار بار کوچ رہے اور کیوبن کوچ کے ہمراہ اسسٹنٹ کوچ کی حیثیت سے بھی قومی کھلاڑیوں کو ٹریننگ دی۔ اس وقت وہ مالی مسائل کا شکار ہیں اور نجی بینک میں گارڈ کی حیثیت سے ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔ صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر خود بینک گئے اور انہیں ایک لاکھ روپے کی رقم دی اور انہیں اپنی وزارت میں نوکری دینے وعدہ بھی کیا۔