اسلام آباد (نمائندہ جنگ )چیف جسٹس آف پاکستان، مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثار نے سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ کو سپریم کورٹ کے جج کے طو رپر ترقی دینے اور ان کی جگہ پر جسٹس احمد علی ایم شیخ کوسندھ ہائی کورٹ کانیا چیف جسٹس مقرر کرنے کے حوالہ سےآج بروز منگل جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب کرلیا ہے، ذرائع کے مطابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سپریم کورٹ میں خالی نشست پرجسٹس سجاد علی شاہ کا نام تجویز کیا ہے، اجلاس میں جسٹس سجاد علی شاہ کو سپریم کورٹ کے جج کے طو رپر ترقی دینے اور ان کی جگہ پر جسٹس احمد علی ایم شیخ کوسندھ ہائی کورٹ کانیا چیف جسٹس مقرر کرنے کی سفارش کی جائے گی، یاد رہے کہ فاضل چیف جسٹس اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی دفعہ جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کی صدارت کریں گےاجلاس میں جس میں جسٹس آصف سعید خان کھوسہ، جسٹس امیر ہانی مسلم، جسٹس اعجاز افضل خان جسٹس گلزار احمد، سپریم کورٹ کے سابق جج، جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال، پاکستان بار کونسل کے نمائندہ یٰسین آزاد ایڈوکیٹ، وفاقی وزیر قانون زاہد حامداور اٹارنی جنرل اشتر اوصاف علی شامل ہوں گے۔