لاہور (نمائندگان جنگ ،مانیٹرنگ سیل،نیوز ایجنسیاں)ملک بھرمیں دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف آپریشن جاری ہے۔لاہور ، راولپنڈی، پشاور، بہاولپور،چنیوٹ، وہاڑی، ملتان، رحیم یار خان اور سیہون سمیت کئی شہروں میں 200مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیاگیا جبکہ لعل شہباز قلندرکے مزارکی سیکورٹی پر100اہلکارتعینات کر دیئے گئے۔ لاہور میں شیراکوٹ بند روڈ کے علاقے میں سرچ آپریشن کرکے 8 افغانوں سمیت 40 افراد کو حراست میں لیاگیا ۔ افغانیوں کے خلاف فارن ایکٹ اور چھ افراد کیخلاف کرایہ داری ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔پشاور میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کرکے 2 اشتہاری ملزموں سمیت 72 افراد کو گرفتار کرلیا ۔پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف اور سب مشین گن سمیت دیگر اسلحہ اور منشیات برآمد کی گئی ہے، گرفتار افراد میں سے 15 کو کرائے داری کے کوائف مکمل نہ کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔ادھر پشاور کی خیبر سپر مارکیٹ میں مشکوک موٹر سائیکل کی اطلاع پر پولیس کی دوڑیں لگ گئیں، بم ڈسپوزل یونٹ کو طلب کرلیا گیا ، جس نے موٹر سائیکل کو کلیئر قرار دیدیا۔ کوٹ مومن میں پولیس نے سرچ آپریشن کرکے 28 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔گوجرانوالہ میں پولیس نے لنڈا بازار میں آپریشن کرکے پانچ افغان شہری گرفتار کرلیے۔ راولپنڈی کے علاقے نصیر آباد میں تیرہ افراد کو گرفتار کرلیا ۔ملتان میں پولیس اورحساس اداروں کی مشترکہ کارروائی کے دوران سات مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔