لاہور(نمائندہ خصو صی) لاہور میں پی ایس ایل کے ممکنہ فائنل میچ کی سکیورٹی کیلئے غیر معمولی انتظامات کی تیاری شروع کر دی گئی ‘ پاک فوج ‘ رینجرز اور پنجاب حکومت کے درمیان اس اہم ایونٹ کی سکیورٹی کے سلسلے میں 2مشاورتی اجلاس منعقد ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بھی پاک فوج ‘ رینجرز اور صوبائی اداروں کے اعلیٰ حکام کے درمیان پی ایس ایل کے فائنل میچ کی سکیورٹی کے سلسلے میں رابطے ہوئے ہیں اور سکیورٹی پلان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ غیر معمولی انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے اور تینوں اداروں نے تیاریوں کی نگرانی کیلئے قریبی رابطے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مجوزہ سکیورٹی پلان کے تحت آنے والے شائقین کی گاڑیاں قذافی سٹیڈیم سے ایک کلو میٹر دور پارک کی جائیں گی اور وہ پیدل اسٹیڈیم میں داخل ہو سکیں گے۔ جگہ جگہ مرکزی و صوبائی سکیورٹی اداروں کے جوان تعینات ہوں گے اور بڑی تعداد میں واک تھرو گیٹ نصب کئے جائیں گے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ فضائی نگرانی بھی کی جائے گی اور پی سی ایل کی اس غیر معمولی سکیورٹی انتظامات سے باقاعدگی سے اعلیٰ عسکری و سیاسی قیادت کو آگا ہ کیا جائیگا ۔