لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی بین الاقوامی سامراج کی پالیسیوں کی تابع نہیں اللہ اور رسول ﷺکی تابع ہے،شیطانی قوتیں امت مسلمہ کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں، افغان عوام نے دنیا کے ہرمظلوم کو آزادی کا راستہ دکھایا ہے ،موجودہ حالات مستقل نہیں، افغانستان اور پاکستان کے درمیان بھائی چارے کی فضادوبارہ قائم ہوگی،پاکستان ا ورافغانستان کے درمیان نفرت پیداکرنے والے ہمارے دشمن ہیں ،پاک افغان دوستی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور میں افغان مہاجرین اور تاجروں کے نمائندہ وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،وفد کی قیادت بریالے میانخیل ،عبد الحمید جلیلی ،ملک علی خان ،امان اللہ خان اور دیگر نے کی ،جبکہ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی خیبرپختونخوا عبدالواسع اور سینیٹرسراج الحق کے افغان امور کے مشیر شبیر احمد خان بھی موجود تھے ،سینیٹر سراج الحق نے افغان تاجروں ،طلباءاور مہاجرین کو درپیش مسائل کے حل کے لئے صوبائی وزراءعنایت اللہ خان،مظفر سید ،عبد الواسع اور شبیر احمد خان کی قیادت میں کمیٹیا ں بنائیں ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کہ جب بھی کوئی واقعہ ہوجاتاہے تو بارڈر بند کردیا جاتا ہے یہ مسائل کا حل نہیں یہ منفی پالیسی ہے اور دونوں ممالک کو چاہئے کہ افہام و تفہیم کے ساتھ اس قسم کے مسائل کا مستقل حل نکالیں ،انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ مرکزی حکومت سے بھی اس حوالے سے بات کریں گے انہوں نے کہا کہ اس بات پر یقین رکھناچاہئے کہ جنگیں جنگوں سے نہیں بلکہ ایک دوسرے کو سننے اور برداشت کرنے سے ختم ہوتی ہیں انہوں نے کہا کہ پاک افغان دوستی کی دنیا میں مثال نہیں ملتی اور حالات کی وجہ سے اگر بعض اوقات معمولی تناؤپیدا ہوجائے تو دنیا کو جان لینا چاہئے کہ ایسی صورتحال دو بھائیوں کے درمیان بھی پیدا ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ اس لئے ہم پر امید ہیں اور آپ کو بھی پرامید رہنا چاہئے کہ خطے کی موجودہ صورتحال مستقل موجودہ نہیں رہیگی یہ صورتحال بہتری کی طرف جارہی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے کی فضاءضرور قائم ہوگی ۔